ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / اگنی پتھ اسکیم کے خلاف کانگریس کی یلغار، جنتر منتر پر کانگریس کا ستیہ گرہ،پرینکا گاندھی سمیت پارٹی کے متعدد لیڈروں کی شرکت

اگنی پتھ اسکیم کے خلاف کانگریس کی یلغار، جنتر منتر پر کانگریس کا ستیہ گرہ،پرینکا گاندھی سمیت پارٹی کے متعدد لیڈروں کی شرکت

Mon, 20 Jun 2022 11:04:48    S.O. News Service

نئی دہلی ، 20؍جون(ایس او نیوز؍ایجنسی) فوج میں بھرتی کی اگنی پتھ اسکیم پر ملک بھر میں غم و غصہ پھوٹ پڑا ہے اور مشتعل نوجوان سراپا احتجاج بنے ہوئے ہیں،اس اشتعال میں وہ سرکاری املاک کو نقصان بھی پہنچا رہے ہیں ٹرینوں میں آگ لگار ہے ہیں۔ مختلف سیاسی جماعتیں بھی اس اسکیم کے خلاف آواز اٹھا رہی ہیں۔ گزشتہ روز بہار بند کو راشٹریہ جنتا دل سمیت کئی جماعتوں نے حمایت دی تھی۔ وہیں اب کانگریس نے بھی حکومت کے خلاف اعلان جنگ کر دیا ہے۔کانگریس نے اگنی پتھ اسکیم کے خلاف ستیہ گرہ شروع کردیاہے۔ مرکز کی اگنی پتھ اسکیم کے خلاف ملک بھر میں جاری مظاہروں کے درمیان کانگریس پارٹی کی جانب سے قومی راجدھانی میں پرامن دھرنے کا اہتمام کیا گیا۔ کانگریس پارٹی حکومت سے اس اسکیم کو واپس لینے کا مطالبہ کر رہی ہے۔ گزشتہ روز کانگریس صدر سونیا گاندھی نے نوجوانوں کے نام پیغام جاری کرتے ہوئے ان کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا اور ان سے پر امن طریقہ سے اپنی بات حکومت کے سامنے رکھنے کی اپیل کی۔کانگریس پارٹی نے اگنی پتھ کے خلاف دہلی کے جنتر منتر پر ستیہ گرہ کا آغاز کیا۔ اس ستیہ گرہ میں پارٹی کی جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی سمیت متعدد لیڈر شرکت کیلئے پہنچے ہیں۔ کانگریس کے پر امن دھرنے میں شامل لیڈر ہاتھوں میں پلے کارڈ لے کر اپنا احتجاج درج کر رہے ہیں۔ستیہ گرہ میں جو لیڈر حصہ لے رہے ہیں ان میں جے رام رمیش، دگ وجے سنگھ، سلمان خورشید، اجے ماکن، ادھیر رنجن چودھری، ہریش راوت، راجیو شکلا، پرمود تیواری، پی ایل پونیا، کے سی وینوگوپال، گورو گگوئی، دیپندر ہڈا کے علاوہ کانگریس کے دوسرے اہم لیڈر شامل ہیں۔قبل ازیں، ہفتہ کے روز کانگریس صدر سونیا گاندھی نے طلبا کے پر امن احتجاج کی حمایت کی۔ وہیں، راہل گاندھی نے اگنی پتھ اسکیم کے حوالہ سے مرکزی حکومت پر تنقید کی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کو اس اسکیم کو واپس لینا پڑے گا۔راہل گاندھی نے اس معاملہ میں اتوار کے روز بھی ایک ٹوئٹ کیا ہے، جس میں انہوں نے کہاکہ بار بار نوکری کی جھوٹی امید دے کر، وزیر اعظم نے ملک کے نوجوانوں کو بیروزگاری کے اگنی پتھ (آگ کا راستہ)پر چلنے کیلئے مجبور کیا ہے۔ 8 سالوں میں 16 کروڑ نوکریاں دینی تھیں مگر نوجوانوں کو ملا صرف پکوڑے تلنے کا درس۔ ملک کی اس حالت کے ذمہ دار صرف وزیر اعظم ہیں۔


Share: